جانوروں،پرندوں کو مائیکرو چپس لگانے کا منصوبہ ٹھپ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر )محکمہ تحفظ جنگلی حیات کا جانوروں اور پرندوں کی ٹریکنگ کے لیے مائیکرو چپس لگانے کا منصوبہ شروع ہوتے ہی ٹھپ ہوگیا ۔۔
پائلٹ پراجیکٹ میں چند ایک پرندوں کو مائیکرو چپس لگائی گئی تھیں لیکن اس کے بعد چار سال سے شاندار منصوبہ عدم توجہ کی وجہ سے بند ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی جانب سے وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹرز میں موجود نایاب نسل کے جنگلی پرندوں کو مائیکرو چپس لگانے کے لیے مارچ 2021ء میں ایک منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر گٹ والہ کے لیے مائیکرو چپس بھجوائی گئیں ان مائیکرو چپس میں سے چند ایک چپس پرندوں میں لگائی بھی گئیں مگر اس کے بعد یہ منصوبہ محکمانہ غفلت کی بھینٹ چڑھ کر ٹھپ ہوگیا۔ محکمے کی جانب سے مارچ 2021 ئمیں دعوی کیا گیا تھا کہ پرندوں کے بعد جانوروں میں بھی مائیکرو چپس لگائی جائیں گی ان مائیکرو چپس کو لگانے کے بعد جانوروں اور پرندوں کی مکمل ٹریکنگ ہوسکے گی اور ان کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی مرتب کیا جاسکے گا، محکمے کی جانب سے یہ دعوی بھی کیا گیا تھا کہ پرندوں اور جانوروں کی افزائش نسل اور ان کو دی جانے والی ادویات کا بھی مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل ہوجائے گا۔ محکمے کی روایتی غفلت و لاپروائی کے باعث شاندار منصوبہ ٹھپ ہوگیا۔