ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کی تھانہ لنگرانہ میں کھلی کچہری

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ پولیس کے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔۔۔
اسی حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداﷲاحمد نے گزشتہ روز تھانہ لنگرانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ڈی ایس پی سرکل بھوانہ ، تفتیشی افسران، میڈیا نمائندگان اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے لوگوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دیئے ۔ اس موقع پر گفتگو میں ڈی پی او چنیوٹ عبداﷲاحمد نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کرنا ہے ، لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کے لیے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ تمام پولیس اسٹیشنز میں بہترین سروس ڈیلیوری کے لیے پولیس ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ،اب عوام کو پولیس دفاتر اور تھانوں میں پولیس سروسز کے حصول کے لیے بہترین ماحول میسر ہے ۔عبداللہ احمد نے مزید کہا کہ لوگوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، امن و امان کے قیام کے لیے قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔