آر پی او فیصل آباد کا دورہ ٹوبہ ، کھلی کچہری کا انعقاد

فیصل آباد،گوجرہ(سٹی رپورٹر،نما ئندہ دُنیا) ریجنل پو لیس آ فیسر فیصل آباد ذیشان اصغر نے گزشتہ روز ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔۔۔
جہاں آرپی او فیصل آباد نے عوام الناس کی دادرسی اور انصاف کی فوری فراہمی کیلئے تھانہ نواں لاہور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ،اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثارسمیت دیگر پولیس افسران موجود تھے ۔آرپی او فیصل آباد نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کر دیئے ۔ علاوہ ازیں آرپی او نے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشن تھا نہ نواں لاہور کی صفائی ستھرائی،عمارت،فر نٹ ڈیسک مال خانہ، تھانہ کی حوالات اور بند ملزمان کی تفصیلات کوبھی چیک کیا۔ دریں اثناء ڈی پی او آفس ٹوبہ میں آر پی او فیصل آبادذیشان اصغر کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ڈی پی او عبادت نثار،ایس پی انویسٹی گیشن،سرکل افسران اور ایس ایچ اوزنے شرکت کی۔دوران میٹنگ سنگین مقدمات کے چالان، نامکمل چالان،زیر تفتیش مقدمات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ افسران زیر تفتیش مقدمات کو یکسو کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں،انصاف اور میرٹ کو ترجیح دیں،سنگین وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے گشت کے نظام کو موثر بنایاجائے،محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے ۔