مستحق اقلیتی طلبہ کیلئے ایجوکیشنل سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن مریم کا خواب، اقلیت دوست پنجاب کے تحت فیصل آباد میں مستحق اقلیتی طلبہ کے لیے ایجوکیشنل سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب ڈی ایم سی ہال میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ تھے ۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے 290 طلبہ و طالبات کو میٹرک سے پوسٹ گریجوایٹ سطح تک اسکالرشپ چیک دئیے گئے ۔ پنجاب بھر کے 1016 طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، انٹرمیڈیٹ طلبہ کو 30 ہزار اور ماسٹرز کے طلبہ کو ایک لاکھ روپے تک کے چیک فراہم کیے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، پڑھی لکھی ماں پڑھے لکھے معاشرے کی بنیاد ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلیم پر خصوصی فوکس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی احساسِ کمتری ختم کرنا حکومت پنجاب کا ویژن ہے ، اسی مقصد کے تحت منارٹی کارڈز اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔