ماڈل ریڑھی بازاروں میں ہیلپ ڈیسک قائم، شکایات پر فوری فیصلہ
میونسپل کارپوریشن کے انسپکٹرز کو، تھرڈ پارٹی کی تقرری تک انسپکشن کی ذمہ داریاں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) شہر کے ماڈل ریڑھی بازاروں میں ہیلپ ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں جہاں صارفین کسی بھی شکایت کی صورت میں رجسٹر میں اپنی شکایت درج کرا سکیں گے ۔ شکایات پر تیز رفتار عملدرآمد کے لیے میونسپل کارپوریشن کے انسپکٹرز کو، تھرڈ پارٹی کی تقرری تک، انسپکشن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ماڈل ریڑھی بازاروں میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہر بازار میں ہیلپ ڈیسک کے قیام اور انسپکشن رجسٹر کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مختص ماڈل ریڑھی بازاروں کے اردگرد کسی بھی قسم کی حرکت کرتی ہوئی ریڑھی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان بازاروں میں نرخ نامے ، صفائی کا معیاری انتظام اور ڈسٹ بن کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ماڈل ریڑھی بازاروں سے کرایہ یا بھتہ وصولی کی کسی بھی شکایت پر متعلقہ ڈیوٹی اہلکار ذمہ دار ہوگا، جن کی ڈیوٹی کو مسلسل مانیٹر بھی کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ہر بازار کے لیے الگ سے مقرر انسپکٹرز صبح، دوپہر اور شام کے وقت انسپکشن کرنے اور موقع کی تصاویر جی پی ایس کے ہمراہ شیئر کرنے کے پابند ہوں گے ۔