گندم کٹائی و خریداری ،سبسڈی،رجسٹریشن 10 اپریل سے شروع

گندم کٹائی و خریداری ،سبسڈی،رجسٹریشن 10 اپریل سے شروع

ڈائریکٹر جنرل زراعت کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ ،گرین ٹریکٹر پروگرام کا جائزہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چودھری عبدالحمید نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں جاری زرعی سرگرمیوں اور گندم کی کٹائی و خریداری مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کپاس کی کاشت، گندم کی فصل کی موجودہ صورتحال، کسان کارڈ کے تحت ریکوری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت فراہمی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اہداف کے بروقت حصول اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے پر زور دیا گیا۔

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) نے گندم کی فصل کا فیلڈ سروے کیا اور حالیہ بارشوں کے اثرات کے حوالے سے کاشتکاروں سے گفتگو کی۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ فصل پکاؤ کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے تاہم مزید بارش کی صورت میں فصل گرنے (لیجنگ) اور کٹائی میں تاخیر کا خدشہ ہے ، اس کے باوجود بمپر پیداوار کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے ۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو کٹائی اور تھریشنگ کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ گندم خریداری مہم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ کاشتکاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل 2026 سے شروع ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں