جھنگ:عیدالاضحی کیلئے سیل پوائنٹس قائم، سہولیات فراہمی کا فیصلہ
شورکوٹ ،جھنگ ،اٹھارہ ہزاری ایک ایک ، احمد پور سیال میں دو سیل پوائنٹ قائم
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کو منظم، محفوظ اور سہل بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تحصیل جھنگ، شورکوٹ اور اٹھارہ ہزاری میں ایک ایک جبکہ تحصیل احمد پور سیال میں دو سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔سیل پوائنٹس پر پینے کے صاف پانی، سایہ دار جگہوں، پارکنگ اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ویسٹ مینجمنٹ عملہ بھی متحرک رکھا گیا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے خصوصی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ویٹرنری ڈاکٹرز جانوروں کا معائنہ اور رہنمائی کر رہے ہیں جبکہ ریسکیو عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں اور غیر مقررہ مقامات پر جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف مقررہ سیل پوائنٹس سے خرید و فروخت کریں۔