پینسرہ:بچے سے زیادتی، میڈیکل میں تاخیر،والدین کا احتجاج

پینسرہ:بچے سے زیادتی، میڈیکل میں تاخیر،والدین کا احتجاج

متعلقہ طبی عملہ دستیاب نہ ہونے کے باعث میڈیکل کا عمل طویل تاخیر کا شکار رہا

پینسرہ (نمائندہ دنیا)تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقے میں کمسن بچے کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے پر پولیس نے متاثرہ خاندان کی درخواست پر نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ بچے کے طبی معائنے میں مبینہ طور پر چھ گھنٹے کی تاخیر پر والدین نے پولیس اور 30 چک ہسپتال کے عملے کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔متاثرہ خاندان کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد بچے کو میڈیکل معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم صبح تقریباً 11 بجے سے شام 6 بجے تک مختلف مراحل میں انتظار کرنا پڑا۔

والدین کا الزام ہے کہ تفتیشی افسر بروقت موجود نہیں تھا، جبکہ 30 چک ہسپتال میں متعلقہ طبی عملہ دستیاب نہ ہونے کے باعث میڈیکل کا عمل طویل تاخیر کا شکار رہا۔والدین کا کہنا ہے کہ پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث انہیں شدید ذہنی اذیت، پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں غفلت برتنے والے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ بچے کو فوری، شفاف اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے ۔پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں