محکمہ انہار کے زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت
سرکاری استغاثوں کو اولین ترجیح دی جائے اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)کینال مجسٹریٹ محمد طلحہ گل اور ڈی ایس پی جڑانوالہ ساجد محمود سوہل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ انہار سے متعلق زیر التواء مقدمات اور ایف آئی آرز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈی ایس پی ساجد محمود سوہل نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ محکمہ انہار سے متعلق تمام زیر التواء ایف آئی آرز کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد یکسو کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی بروقت مکمل ہو اور سرکاری امور میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ آئندہ محکمہ انہار کی جانب سے موصول ہونے والے تمام سرکاری استغاثوں کو اولین ترجیح دی جائے اور ان پر قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ انہار سے متعلق معاملات میں متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، بروقت قانونی کارروائی اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔