سرکاری سکول میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر برہم
عائشہ رضوان کا متعلقہ ذمہ داران کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے گورنمنٹ ایم سی پرائمری سکول جدید نمبر 2، محلہ عالی چنیوٹ کا اچانک دورہ کیا اور سکول میں صفائی ستھرائی سمیت تعلیمی و بنیادی سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران سکول میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مختلف امور میں عدم توجہی سامنے آنے پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ ذمہ داران کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف کلاس رومز، واش رومز اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔
صفائی کی ابتر صورتحال پر انہوں نے سکول ہیڈ کو ہدایت کی کہ تمام واش رومز کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار ٹائلز کی مرمت اور نئی ٹائلز کی تنصیب یقینی بنائی جائے ، واش بیسنز کی مکمل صفائی کروائی جائے ، جبکہ کلاس رومز کی صفائی، وائٹ واش اور دیگر ضروری مرمتی و اصلاحی کام بھی ایک ہفتے کے اندر مکمل کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سکول میں بچوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ تعلیمی اداروں میں صفائی، پینے کے صاف پانی، فعال واش رومز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ تعلیم کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments