افسران خلفائے راشدین کے نظام کو مشعلِ راہ بنائیں،احسن اقبال
پاکستان کو 2035اور اس سے آگے لے جانے کی ذمہ داری نئی نسل کے افسران پر ہے
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں لیکن سول سروس ریاست کا مستقل ستون ہے، پاکستان کو 2035اور اس سے آگے لے جانے میں سرکاری افسران کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔ افسران روایتی طرزِ حکمرانی کے بجائے عوامی خدمت، دیانت داری اور مشن پر مبنی طرزِ حکمرانی اپنائیں اور خلفائے راشدین کے نظامِ حکمرانی کو اپنا مشعلِ راہ بنائیں۔وہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد میں 40ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں مختلف سروس گروپس سے تعلق رکھنے والے 46افسران نے 16ہفتوں کی تربیت مکمل کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال اور مصنوعی ذہانت کے دور میں اداروں اور قوموں کیلئے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ نوکیا اور بلیک بیری جیسی کمپنیوں کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ادارے وقت کے ساتھ خود کو تبدیل نہیں کرتے ، وہ مٹ جاتے ہیں۔ پائیدار قومی ترقی کے لیے امن و امان، سیاسی استحکام، کم از کم دس سال تک پالیسیوں کا تسلسل اور بنیادی اصلاحات سے مستقل وابستگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کیلئے ضروری ہے کہ 2035تک ہماری برآمدات 100ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments