ستھرا پنجاب پروگرام، وسائل کی ویری فکیشن شروع
بنیادی مقصد دستیاب سرکاری وسائل کی موجودگی، فعالیت کی پڑتال کرنا ہے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دستیاب وسائل کے مؤثر، شفاف اور بامقصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں ریسورس ویریفکیشن کا عمل جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کی زیر نگرانی اور منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عمران شمس کی ہدایات پر ضلع فیصل آباد کی تمام تحصیلوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فراہم کردہ مشینری، گاڑیوں، آلات اور صفائی کے نظام سے متعلق انفراسٹرکچر کی ویریفکیشن کی جا رہی ہے۔
اس عمل کا بنیادی مقصد دستیاب سرکاری وسائل کی موجودگی، فعالیت، استعداد کار اور عملی استعمال کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں سے فراہم کردہ وسائل عوام ہی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں اور صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری کے لیے ان کا بھرپور اور مؤثر استعمال کیا جائے ۔ اس عمل کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیلوں میں موجود مشینری، گاڑیوں، آلات اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر کے ریکارڈ اور موقع پر موجودگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ وسائل کی درست نشاندہی، دستیابی اور عملی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ تعین کیا جا سکے اور وسائل کے استعمال میں شفافیت، جوابدہی اور انتظامی نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کی زیر نگرانی اس اقدام کا مقصد صفائی کے نظام میں استعمال ہونے والی مشینری اور انفراسٹرکچر کی استعداد کار میں بہتری لانا اور سروس ڈلیوری کے معیار کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments