گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ’’نمائشِ فن‘‘کا انعقاد
نمائش میں طالبات کے تیار کردہ فن پاروں نے شرکاء کے دل جیت لئے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغئہ امتیاز) نے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام منعقدہ آرٹ نمائش ‘‘نمائشِ فن’’ کا افتتاح کر دیا۔ نمائش میں طالبات کے تیار کردہ فن پاروں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی، جن میں تخلیقی سوچ، فنی مہارت اور جدت کے خوبصورت امتزاج کو نمایاں کیا گیا۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی افسران کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں آویزاں فن پاروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات سے ان کے تخلیقی کام کے حوالے سے گفتگو کی اور ان کی فنی صلاحیتوں، ذوق اور محنت کو سراہا۔
نمائش میں بی ایف اے گرافک ڈیزائن، بی ایف اے ویژول آرٹس اور بی ایف اے انٹیریئر ڈیزائن کے پہلے ، تیسرے ، پانچویں اور ساتویں سمسٹر کی طالبات کے فن پارے پیش کیے گئے ۔ ان میں مصوری، اسکیچنگ، تصوری آرٹ، فوٹوگرافی، ڈیجیٹل امیج ایڈیٹنگ، منی ایچر پینٹنگ، روایتی و جدید خطاطی، ڈیزائن پر مبنی تنصیبات اور کردار سازی سمیت فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں کی عکاسی کی گئی۔نمائش کی ایک خاص بات آرٹ کی تاریخ کی معروف شخصیات کا روپ دھارے طالبات کی شرکت تھی، جنہوں نے مخصوص لباس اور انداز اپنا کر فن کی مختلف تاریخی ادوار اور مشہور شاہکاروں کو اجاگر کیا۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ‘‘نمائشِ فن’’ کا انعقاد، طالبات کے تخلیق کردہ فن پاروں نے شرکاء کے دل جیت لیے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments