3 اہم چوکوں پر حفاظتی اقدامات5روز میں مکمل کرنیکا حکم

3 اہم چوکوں پر حفاظتی اقدامات5روز میں مکمل کرنیکا حکم

کمشنر اور آر پی او کا اجلاس، لین مارکنگ، سائن بورڈز اور ریفلیکٹرز نصب کرنیکا فیصلہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق دھند کے ایام میں حادثات سے پاک شاہرات اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے 89 کلومیٹر طویل فیصل آباد بائی پاس (رنگ روڈ) کا سیفٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے ، جبکہ آڈٹ کے دوران نشاندہی ہونے والے امور پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ریجنل پولیس آفیسر انعام الرحمن کی مشترکہ صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آر پی او نے ریجنل پولیس کی جانب سے کیے گئے روڈ سیفٹی آڈٹ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور مختلف مقامات پر حفاظتی اقدامات کی ضرورت کی نشاندہی کی۔

کمشنر فیصل آباد نے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں مکوآنہ چوک، روشن والا بائی پاس چوک اور خانوآنہ چوک کو مسافروں کے لیے محفوظ اور آسان بنانے کی ہدایت کی۔ اس مقصد کے لیے ڈی سی آفس، ہائی ویز، ڈویلپمنٹ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کو پانچ روز کے اندر تازہ لین مارکنگ، اسپیڈ بریکرز، کیٹ آئیز اور سائن بورڈز نصب کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔اجلاس میں درختوں اور مونوومنٹس پر چمک دار ریفلیکٹرز لگانے ، درختوں پر رنگ و روغن کرنے ، سڑک کے کناروں پر پڑے ملبے کو ہٹانے اور تجاوزات کے خاتمے کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر اور آر پی او خود بھی متعلقہ مقامات کے دورے کرکے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...