کینال روڈ ری ماڈلنگ ، نیا پل 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی معیار اور رفتار کا جائزہ لیا،ٹریفک نئے پل سے گزارنے کا فیصلہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کنال روڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کے تحت زیر تعمیر پل کا معائنہ کرکے تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) مہر ایوب نے انہیں منصوبے کے مختلف تکنیکی پہلوؤں، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے ، شہریوں کو آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ کنال روڈ کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ بھی اسی سلسلے میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنال روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور مختلف مقامات پر ٹریفک کی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹریٹ بیکری کے قریب موجود پل پر اکثر ٹریفک جام ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس کے مستقل حل کے لیے ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ اس کی تکمیل سے ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ نئے پل کو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا، جبکہ ٹریٹ بیکری کے قریب موجود پرانے پلوں کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کرکے گاڑیوں کو نئے پل سے گزارنے کا انتظام کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور تعمیراتی عملے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہری جلد اس ترقیاتی منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments