ڈکیتی کی واردات ناکام ،پٹرولنگ پولیس ٹیم کیلئے نقد انعام
ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی اسناد اور 20 ہزار روپے انعام سے نوازا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن محمد طارق ملک نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے والی پٹرولنگ پوسٹ 96 گ ب کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی اسناد اور 20 ہزار روپے نقد انعام سے نواز دیا۔تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے ۔ پٹرولنگ پوسٹ 96 گ۔ب کی ٹیم نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان پر کھیل کر ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی۔ٹیم کی فرض شناسی اور بہادری کو سراہتے ہوئے ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن محمد طارق ملک نے سب انسپکٹر طارق خان سمیت پوری ٹیم کو ریجنل آفس طلب کیا اور انہیں تعریفی اسناد کے ساتھ 20 ہزار روپے نقد انعام دیا۔اس موقع پر ایس پی محمد طارق ملک نے اہلکاروں کی جرات، فرض شناسی اور بروقت کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب ہائی وے پٹرول کی اولین ذمہ داری ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فرض شناسی، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو محکمانہ سطح پر بھرپور پذیرائی دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments