فوڈ اتھارٹی ملازمین کو مستقل کیا جائے :سوسائٹی آف فوڈ سائنٹسٹس

 فوڈ اتھارٹی ملازمین کو مستقل کیا جائے :سوسائٹی آف فوڈ سائنٹسٹس

سابقہ ریگولرائزیشن ایکٹ منسوخی کو ملازمین کے حقوق کو نظرانداز کرنے کی وجہ نہ بنایا جائے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سوسائٹی آف فوڈ سائنٹسٹس اینڈ ٹیکنالوجسٹس کی حالیہ ایگزیکٹو کونسل میٹنگ میں پنجاب حکومت سے متفقہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں فرائض سرانجام دینے والے فوڈ سیفٹی آفیسرز، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز اور دیگر کنٹریکٹ ملازمین کو عدالتی احکامات کی روشنی میں فوری طور پر ریگولر کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور سابقہ ریگولرائزیشن ایکٹ کی منسوخی کو کنٹریکٹ ملازمین کے جائز اور قانونی دعووں اور حاصل شدہ حقوق کو نظرانداز کرنے کی وجہ نہ بنایا جائے ۔ ملازمین کی ریگولرائزیشن کے معاملے کو بلا تاخیر عدالتی احکامات کی روشنی میں حل کیا جائے ۔ اس سے جہاں کنٹریکٹ ملازمین کو تحفظ میسر آئے گا، وہیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی انتظامی و پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید بہتر اور فعال بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

صدر پاکستان سوسائٹی آف فوڈ سائنسٹسٹس اینڈ ٹیکنالوجسٹس ڈاکٹر عاطف رندھاوا کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ملاوٹ مافیا کی جانب سے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے خلاف مزاحمت اور پرتشدد حملوں کے باعث پنجاب میں 200 سے زائد فوڈ ملازمین پنجاب فوڈ اتھارٹی چھوڑ کر جا چکے ہیں، جو ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں کمی کا باعث ہے ۔مزید برآں ڈاکٹر شناور وسیم علی نے واضح کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں تربیت یافتہ افرادی قوت، تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت کے حامل باصلاحیت ملازمین کی تعداد میں کمی واقع ہونے سے ادارے کو بھی کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ادارہ اپنے کنٹریکٹ ملازمین کو عدالتی احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے مستقل کرکے یہ مسئلہ حل کر سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...