اٹھارہ ہزاری مسائلستان بن گیا، بنیادی سہولیات ناپید
صاف پانی، سیوریج اور ٹوٹی سڑکیں شہریوں کے لیے عذاب بن گئیں
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)جھنگ سے تقریباً 30 کلومیٹر دور دریائے جہلم کے کنارے آباد اٹھارہ ہزاری شہر اپنی جغرافیائی، تاریخی اور سیاسی اہمیت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے ۔ اس شہر کو یہ اعزاز بھی حاصل رہا ہے کہ مختلف ادوار میں یہاں سے سیاسی شخصیات وزرا اور مشیر کے عہدوں تک پہنچتی رہی ہیں، مگر افسوس کہ اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے باوجود تحصیل اٹھارہ ہزاری کی قسمت نہ بدل سکی۔ آج بھی یہ شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور اہل علاقہ بے شمار مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ اٹھارہ ہزاری کو تحصیل کا درجہ ملے عرصہ بیت چکا ہے ، مگر اس کے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں۔سب سے بڑا مسئلہ صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور سیوریج کے ناقص نظام کا ہے ۔ صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے کے باعث تحصیل اٹھارہ ہزاری کے شہری ہیپاٹائٹس جیسے امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں سڑکوں کا جال بچھانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن تحصیل اٹھارہ ہزاری اور گردونواح کے دیہی علاقوں کو ملانے والی اہم سڑکیں آج بھی حکومتی توجہ کی منتظر ہیں۔ تحصیل کی اکثر رابطہ سڑکیں عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ان سڑکوں کی خستہ حالی نے شہریوں، کسانوں، طلبہ اور مریضوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments