وکلا کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات ختم کرنیکا مطالبہ

وکلا کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات ختم کرنیکا مطالبہ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ نے وکلاء کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

 مقدمات ختم نہ ہونے کی صورت میں معاملات آئوٹ آف کنٹرول ہونے کی وارننگ دیدی ۔ تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ سمیت صوبہ بھر میں وکلاء کے خلاف مقدمات کے اندراج ۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے نفاذ وکلاء کے گھروں پر ریڈ اور گرفتاری کے خلاف ڈسٹرکٹ بار نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل ہائوس کا ہنگامی اجلاس نوید انور نوید بار ہال میں منعقد ہوا جس میں صدر بار عامر منیر باگڑی،سیکرٹری بار رانا علی آفتاب ، سابق صدر بار محسن یعقوب بٹ اور رضوان گل سمیت دیگر وکلاء نے خطاب کیا ۔ جنرل سیکرٹری بار رانا علی آفتاب سمیت دیگر وکلاء کا کہنا تھا کہ وکلاء کے خلاف مقدمات کی لوٹ سیل لگا دی گئی ہے ، گھروں پر ریڈ کر کے ایک طرف چادر اور چار دیواری کی دھجیاں اڑائی جاتیں ہیں دوسری طرف وکلاء کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ مقررین نے پولیس اور انتظامیہ کو انتباہ کیا کہ وکلا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تونتائج کی ذمہ داری اداروں پر ہو گی ۔ اجلاس کے بعد احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں