15 اکتوبر کوہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے :رہنما پی ٹی آ ئی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے کہاہے کہ 15اکتوبر کو گوجرانوالہ کے کارکن اپنے قائد عمران خان کے لئے تمام رکاوٹیں توڑکر باہرنکلیں گے اور ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے ۔۔۔
کارکنوں کے نام پیغام میں انہوں نے کہاکہ پارٹی کی ہائی کمان نے احتجاج کا پروگرام تبدیل کرکے اب 15اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے جس میں گوجرانوالہ کے کارکن پوری قوت سے شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے حکومت کے ظلم و جبر کا جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،فارم 47 کے پیداوار حکمرانوں نے ملک کو برباد کر دیا ادارے تباہ ہوگئے ،معیشت تباہ ہو گئی ، مہنگائی غربت، لاقانونیت اور بے روزگاری میں انتہائی درجے اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہاکہ عوام نااہل حکمرانوں کے خلاف باہر نکلیں ، احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ گوجرانوالہ میں کارکنوں کی گرفتاریوں ، گھروں پر چھاپوں اور ہراساں کرنے کے اقدامات کی مذمت کی اور کہاکہ حکمران ریاستی اداروں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں مگر پی ٹی آئی کے کارکن اس ظلم و جبر کے سامنے پہلے بھی ڈٹ کر کھڑے رہے اب بھی کھڑے ہونگے ۔