حافظ آباد:ایم سی کی غفلت ، متعدد علاقے جوہڑ بن گئے
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دُنیا )میونسپل کمیٹی کے افسروں کی غفلت اور لاپروائی سے شہر کے متعدد علاقے جوہڑ بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے سیوریج لائنوں کی صفائی کے لئے جس سپروائزر کو تعینات کررکھا ہے وہ نہایت ہی اناڑی،ان ٹرینڈ اور ناتجربہ کار ہے ۔جسے نہ تو شہر کے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی کا پتہ ہے اور نہ ہی اسکے پاس کوئی سکیم ہے جس کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقے جن میں حسن ٹاؤن،بہاولپورہ،جگانوالہ روڈودیگر شامل ہیں یہاں پر بارشوں سے پہلے ہی کئی کئی فٹ گندا پانی کھڑا ہوچکا ہے جبکہ شہر کی سب سے بڑی تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ایک سے ملحقہ نکاسی آب کا نالہ بھی ابل رہاہے لیکن سیوریج سسٹم کے اناڑی ناتجربہ کار اور ان ٹرینڈ سپروائز کی وجہ سے شہر کے دیگر علاقے بھی دن بدن جوہڑوں میں تبدیل ہورہے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کے نکاسی آب کے تمام نالہ جات کی صفائی کرواکے تجربہ کار اور ٹرینڈ ملازمین کو تعینات کیا جائے ۔