پارک محلہ سمبڑیال کی تعمیر 31دسمبر تک مکمل:ڈی سی
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ فیملی پارک محلہ واٹر ورکس سمبڑیال کی تعمیر کا منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی زیر نگرانی پارک کی تعمیر پر 27 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
یہ بات انہوں نے تحصیل سمبڑیال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران بتائی۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ اور ایم او انفراسٹرکچر اینڈ سروسز عزیز شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سمبڑیال سٹی کی گرین بیلٹس کی جاری تزئین و آرائش سمیت دیہی مرکز صحت بیگوالہ اور بنیادی مرکز صحت ملکھانوالہ کی ری ویمپنگ کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور بلڈنگ ڈویژن کے مقامی حکام کو کام کی رفتار اور معیار کو بہتر بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدگی سے انسپکشن کریں اور منصوبے اپنے ڈیزائن کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں تساہل اور کوتاہی کے مرتکب ذمہ داروں اور کنٹریکٹر کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے موضع ملکھانوالہ کے گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز اور گورنمنٹ گرلز کیمونٹی ماڈل سکول کا بھی دورہ کیا اور ٹیچنگ سٹاف کی حاضری چیک کی اور کلاس روم کے معائنہ کے دوران بچوں سے سوال و جواب بھی کئے ۔