غیر سرکاری فلاحی تنظیمیں عظیم سرمایہ :گورنر پنجاب
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ نیکی اور بھلائی کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں اور ان کے ساتھ رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے والے افراد معاشرے کا حسن اور عظیم سرمایہ ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہارسول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندہ وفد جس میں عبدالشکور مرزا، سید شہزاد نقوی ،چودھری اشفاق نذر گھمن ، زاہدہ پروین،شمیلہ اسلم سابق ایم پی اے ،ندیم ظفر داود، راجہ عباس،ارشاد چودھری ایڈووکیٹ اور موسی اشفاق گھمن بھی شامل تھے سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی بھی بطور خاص موجود تھے ۔گورنر سردار سلیم حیدر خاں نے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے دیگر اداروں کی طرف سے عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ ان کاوشوں کو حکومت انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے ایسی تنظیموں اور ان کے رضاکاروں کو ہرممکن یقین دہانی بھی کروائی۔