دیہات کو دریائی کٹائو سے بچانے کیلئے منصوبے کی منظوری
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے نواحی گاؤں محمود پور سمیت چھ دیہات کو دریائے چناب کے کٹاؤ سے بچانے اور حفاظتی بند(سٹڈ)کی تعمیر کیلئے 20کروڑ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اس منصوبے کے تحت محمود پور اور دیگر دیہات کو دریائے چناب کے کٹاؤ سے بچانے کیلئے مختلف مقامات پر حفاظتی بند (سٹڈ) تعمیر کیے جائینگے ۔ کمشنر گوجرانوالہ سیدنوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژ نل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزاق نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ عبدالرؤف نے منصوبے بارے بریفنگ دی۔ کمشنر گوجرانوالہ سیدنوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ دریائے چناب پر 18کلو میٹر ڈاؤن سٹریم کے قریب بائیں جانب کنارے پر واقع محمود پور سمیت چھ دیہات کو کٹاؤ کا سامنا ہے ،پی ڈی ایم اے نے کٹاؤ کو روکنے کیلئے 6 مقامات پر سڑکچر تعمیر کر نے کی تجویز دی ہے جسے محکمہ انہار کے ماہرین کی کمیٹی نے بھی منظور کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام 6سٹرکچرز کی کل لمبائی دو کلو میٹر ہوگی،منصوبے سے ان دیہات کے 6 ہزار سے زائد مکینوں کی ہزاروں ایکڑ زرعی زمین سمیت املاک محفوظ ہو جائیں گے ۔