حافظ آباد:سیوریج نظام ناکارہ،عملہ نہ ہونے کے برابر
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ) میونسپل کمیٹی کی سی بی اے یونین کے چیئرمین اسحق کھوکھر کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء اجلاس نے کہا کہ شہر بھر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے ۔۔۔
لیکن میونسپل کمیٹی کے پاس سیوریج کی صفائی ستھرائی کے لئے سینٹری ورکرز اور عملہ نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے شہر کے علاقے جوہڑوں اور ندی نالوں میں تبدیل ہورہے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ پہلے میونسپل کمیٹی کے پاس پہلے 50ڈیلی ویجز ملازمین بھی سیوریج کی صفائی ستھرائی کے لئے تھے جن کو اب فارغ کیاجاچکاہے جس کے بعد کمیٹی کے پاس نہایت ہی قلیل ملازمین کے لئے سیوریج اور گٹروں کی صفائی ستھرائی کرنا ناممکن ہوچکا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صفائی ستھرائی کے لئے مزید پچاس سینٹری ورکرز میونسپل کمیٹی میں بھرتی کئے جائیں۔ تاکہ شہر کو جوہڑ میں تبدیل ہونے سے بچایا جاسکے ۔