جیل میں بہترین طبی سہولیات دی جا رہی:صفدر حسین
گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ پرزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور جیل کے دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔۔۔
انہوں نے جیل ہسپتال اور لیب کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اجلاس میں کہا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قیدیوں کو جیل میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور جیل ہسپتال میں ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت دستیاب ہے ۔ میڈیکل آفیسر باقاعدگی سے قیدیوں کا معائنہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جیل لیب اور ہسپتال میں ٹیسٹ کٹس اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وویمن میڈیکل آفیسر اور دیگر میڈیکل افسران کا ڈیوٹی روسٹر باقاعدگی سے جاری کیا جائے گا، اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتال سے ماہر ڈاکٹر جیل کا دورہ کریں گے ۔ قیدیوں کی سکریننگ کے لیے میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے اور ایمرجنسی کی صورت میں بیمار قیدیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس ہر وقت جیل میں موجود رہے گی۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں ضروری طبی آلات، ایئر کنڈیشنرز، فرنیچر اور سٹیشنری سمیت دیگر ضروریات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔