سرحدیں ہمیں تقسیم نہیں کر سکتیں:سردار ہرچرن سنگھ

سرحدیں ہمیں تقسیم نہیں کر سکتیں:سردار ہرچرن سنگھ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )کینیڈا سے آئے سردار ہرچرن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان آکر دلی خوشی بیان سے باہر ہے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والے آ کر دیکھیں ہمیں کوئی اجنبیت نہیں ہو رہی ،ہماری مٹی ، ہمارے جسم ہمارا وطن پنجاب ایک ہے اور سرحدیں ہمیں تقسیم نہیں کر سکتیں اور نہ ہی ہمیں جدا رکھ سکتی ہے۔

 میری دلی خواہش ہے کہ میں جلد واپس آؤں جی بھر کر گوجرانوالہ میں رہوں،حکومت کی طرف سے یاتریوں کو جو سہولیات دی جارہی ہیں ان سے ہمارا دل خوش ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم طاہر ندیم بُھلر ، ذوالفقار علی ، غلام محی الدین بُھلر کی دعوت پر شیرانوالہ باغ اور دیگر تاریخی مقامات کی سیر کے موقع پر کیا۔سردارہر چرن سنگھ نے شیرانوالہ باغ بارہ دری، راجہ رنجیت سنگھ کی جائے پیدائش اور ایمن آباد گردوارہ روہڑی صاحب وزٹ کیا ،وہ سکھ کلچر اور تاریخی عمارات اور لوگوں سے میل جول پیار محبت دیکھ کر وہ بہت زیادہ خوش تھے، آخر میں سردار ہرچرن سنگھ کو حکیم طاہر ندیم بُھلر اور چودھری ذوالفقار علی نے پنجاب کی شان پگ اور لہندے پنجاب کی مشہور سوغات دیسی گھی کی مٹھائی پیش کی، بوقت رخصت انکی آنکھوں میں آنسو تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں