واٹر سپلائی ، سیوریج منصوبے وزیر آ باد کیلئے تحفہ :وقار چیمہ

وزیرآباد(نامہ نگار)مولانا ظفر علی خان چوک تا سوہدرہ بائے باس کی تعمیر رواں سال مکمل ہو جائے گی ،سیالکوٹ روڈ اور ڈسکہ روڈ کی جاری تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔۔
شہر و حلقہ کیلئے 24 ہزار فٹ سیوریج،واٹر سپلائی اور گلیوں نالیوں کی تعمیر کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے جاری کیے گئے ترقیاتی منصوبہ جات وزیرآباد کے شہریوں کیلئے تحفہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے وقار احمد چیمہ نے سیاسی و سماجی شخصیت میاں شہباز احمد چنڈور کی جانب سے افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مسلم لیگی رہنما امتیاز اظہر باگڑی،ارسلان بلوچ،سینئر صحافی صابر حسین بٹ، سید ضمیر کاظمی،سیف اللہ بٹ،مہر فیاض فیضی بھی موجود تھے ۔ امتیاز اظہر باگڑی نے کہا کہ مسلم لیگی حکومتوں کا ماضی گواہ ہے جب بھی لیگی حکومت آئی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے انبار لگے اور لوگوں کے مسائل کا وسیع پیمانے پر حل بھی کیا گیا ۔وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز اپنے والد اور چچا کے نقش قدم پر عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور وہ ترجیحا ایسے منصوبہ جات کا آغاز کر رہی ہیں جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو اور ہمارا نوجوان طبقہ خوشحال ہو ملک میں کاروبار کے وسیع تر موقع میسر آئیں ۔