بھارتی نے جارحیت کی تو افواج منہ توڑ جواب دینگی :مراد حسین

بھارتی نے جارحیت کی تو افواج منہ توڑ جواب دینگی :مراد حسین

وزیرآباد(نا مہ نگار)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی جارحیت کیخلاف ریلی نکالی گئی،ریلی گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول نظام آباد جی ٹی روڈ سے شروع ہو کر فوڈ کورٹ نظام آباد پر اختتام پذیر ہوئی۔۔

ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر مراد حسین اور تحصیلدار عون عباس چٹھہ نے کی،ریلی میں صدر مرکزی تنظیم تاجران ناصر محمود اللہ والے ، سینئر نائب صدر اکبر بٹ،سرپرست شیخ بلال احمد،افتخار حسین صدیقی و دیگر نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر مراد حسین نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت اور حوصلہ رکھتا ہے ،اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوم ایسا جواب دیگی جو بھارتی مدتوں یاد رکھیں گے ،پوری پاکستانی قوم سرزمین کے دفاع اور وقار کیلئے افواج پاکستان ودیگر سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے ،افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کو بدنام کرنیکی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں ،عوام افواج پاکستان کے ساتھ لازوال رشتے کو کسی طور کمزور نہیں ہونے دینگے ۔ریلی کے شرکا نے مودی کے پتلے کو آگ لگائی اور افواج پاکستان کے حق اور بھارت کیخلاف شدید نعر ے بازی کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں