ملکوال:انتظامیہ غائب ‘پارکنگ فیس ‘ ٹول ٹیکس کی بولی نہ ہوسکی
ملکوال(سٹی رپورٹر) میونسپل کمیٹی ملکوال کے زیر اہتمام پارکنگ اور ٹول ٹیکس کے ٹھیکے مقررہ تاریخ آنے کے باوجود نہ کرائے جا سکے ، دور دراز سے آنے والے ٹھیکیدار مایوس لوٹ گئے۔۔۔
سی او بلدیہ اور اسسٹنٹ کمشنر رابطے کرنے کے با وجود موقف نہ دے سکے ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لیں گے ۔تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز 29 اپریل کو میونسپل کمیٹی ملکوال میں سلاٹر فیڈ، پارکنگ فیس اور ٹول ٹیکس کے ٹھیکوں کی بولی ہونا تھی اور اس حوالے سے رجسٹرڈ ٹھیکیدار اخباری اشتہار میں دئیے گئے وقت دن 2 بجے میونسپل کمیٹی ہال پہنچے تو منتظمین موجود نہ تھے ،ٹھیکیدار شام 6 بجے تک سی او اور متعلقہ سٹاف کے دفاتر کے چکر لگاتے رہے مگر وہ دستیاب نہ ہو سکے ، اس حوالے سے اے سی ملکوال اور سی او نبیل ریاض سے رابطے کی کوشش کی مگر دونوں افسر وں نے کوئی رسپانس نہ دیا تاہم ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین ڈاکٹر فیصل سلیم نے رابطہ کرنے پر معاملات کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ بولی میں حصہ لینے والے ٹھیکیداروں نے کمشنر گوجرانولہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بولی کینسل کی گئی ہے تو باضابطہ نوٹس بورڈ پر اطلاع دی جانی چا ہیے تھی، اگر اندر خانے من پسند افراد کو نوازا گیا تو احتجاج کریں گے ۔