خواتین کو ووٹ کا استعمال لازمی کرنا چاہیے :آ گاہی سیمینار

خواتین کو ووٹ کا استعمال لازمی کرنا چاہیے :آ گاہی سیمینار

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)حقیقی جمہوریت کیلئے ووٹ کا درست استعمال وقت کی ضرورت ہے ،ووٹ ہمارا قومی فریضہ اور ذمہ داری ہے ،ووٹ کے ذریعے ہی ہم اپنی تقدیر کا فیصلہ کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہا ر سرفراز حبیب (ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ، گوجرانوالہ-I)نے گورنمنٹ کالج آف کامرس ، پیپلز کالونی میں نوجوانوں کے ساتھ ووٹر آگاہی سیشن میں ووٹ رجسٹریشن اور کاسٹنگ کے طریقہ کار کے متعلق بریف دیتے ہوئے کیا۔ خرم شہزاد احمد (پروگرام آفیسر ، سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن)نے کہا کہ خواتین کے ووٹ کا اندراج انتخابات کے جمہوری عمل کی اہم ضرورت ہے ، اس لئے خواتین کو اپنے شناختی بنوا کر اور ووٹ کا اندراج کرا کر آئندہ انتخابات میں ووٹ کا لازمی استعمال کرنا چاہیے ،خواتین کی آبادی کی نسبت ان کے ووٹ کا اندراج کم ہے جس کی بنیادی وجہ شناختی کارڈ کا نہ ہوناہے ۔ چودھری محمد افضل (پرنسپل کالج)نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کوووٹ کی اہمیت بارے آگہی سیشن سے نوجوانوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے میں آسانی ہوگی۔ آگاہی سیمینار میں سوال جواب کے سیشن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے انتخابی عمل بارے شرکا کے سوالات کے جوابات د ئیے ۔ آگاہی سیشن میں گریجوایشن سطح کے طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں