سموگ سے امراض پھیلنے لگے 2200 شہری ہسپتال داخل
بیشتر شہری آنکھ ،کان ،کھانسی ،نزلہ ،گلہ اور سانس کے امراض کا شکار ،سرکاری ہسپتالو ں میں خصوصی وارڈ ، کاؤنٹر بن سکے نہ سموگ آگاہی مہم شروع ہوسکی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سموگ سے امراض پھیلنے لگے ،گوجرانوالہ کے سرکاری ہسپتالوں میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے متاثر 2200 سے زائد شہری داخل،بیشتر شہری آنکھ ،کان ،کھانسی ،نزلہ ،گلہ اور سانس کے امراض کا شکار ہوگئے جبکہ سرکاری ہسپتالو ں میں خصوصی وارڈ اور کاؤنٹر نہ بن سکے اور نہ ہی سموگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کیلئے کوئی سرکاری آگاہی مہم شروع ہوسکی تاہم طبی ماہرین نے شہریوں کو سموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک پہنا لازمی قرار دے دیا ۔فیکٹریوں ،کارخانوں کے زہریلے دھوئیں ،فصلوں کی باقیات اور کوڑاکرکٹ کو آگ لگانے سے پیدا ہونے والی سموگ سے ضلع گوجرانوالہ کے ہزاروں شہری متاثر ہورہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال ،ٹیچنگ ہسپتال سمیت ضلع کے دیگر سرکاری ہسپتالوں میں2200 سے زائد شہری علاج کرانے پہنچے جن میں اکثر سانس ،دمہ ،آنکھ ،کھانسی ،ناک اور گلہ کے امراض کا شکار ہوئے ہیں ۔ متاثرہ شہریوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ300سے زائد سموگ متاثرہ مریض آنے لگے ،دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی سینکڑوں مریض کا علاج کیا جارہا ہے ۔ سموگ سے بچنے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز ہوسکا نہ ہی سرکاری ہسپتالوں میں سموگ کے مریضوں کیلئے الگ کاؤنٹر قائم ہوسکے ۔ تاہم محکمہ صحت حکام کے مطابق سموگ سے بچنے کیلئے شہریوں کیلئے دوران سفر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے ۔