آر پی او کا وزیرآباد کا دورہ ، کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا
مال خانہ اور ایس ڈی پی او آفس کا دورہ ،تھانہ علی پور چٹھہ اور تھانہ احمد نگر بھی گئے
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ کا ضلع وزیرآباد کا دورہ ،دورانِ وزٹ آر پی او نے خدمت مرکز وزیرآباد میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں آر پی او نے مال خانہ وزیرآباد اور ایس ڈی پی او آفس وزیرآباد کا دورہ کیا، جہاں ریکارڈ، انتظامی امور اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا معائنہ کیا گیا اور بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دی گئیں۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے تھانہ علی پور چٹھہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے موقع پر موجود سائلین کے مسائل خود سنے اور ان کے فوری اور میرٹ پر حل کے لیے متعلقہ افسران کو واضح احکامات جاری کیے ۔مزید برآں آر پی او نے تھانہ علی پور چٹھہ اور تھانہ احمد نگر کا دورہ کیا۔