ترکیے نے پاک سعودی دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کردی: امریکی جریدہ
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکیے نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کردی۔
میڈیا ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے دفاعی اتحاد سے مشرق وسطیٰ اور اس سے بہت آگے تک طاقت کا توازن تبدیل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ برس مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں لکھا گیا تھا کہ کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی، پاک سعودی معاہدے کی یہ بات نیٹو اتحاد کے آرٹیکل پانچ کی طرح ہے اور ترکیے پہلے سے نیٹو اتحاد کا رکن ہے۔
بلوم برگ کے مطابق ترکیے کو پاک سعودی دفاعی اتحاد میں شامل کرنے کے لیے تینوں ملکوں کے درمیان معاہدہ جلد ممکن ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مجوزہ اتحاد میں سعودی عرب مالی طاقت، پاکستان ایٹمی صلاحیت، بیلسٹک میزائل اور افرادی قوت جبکہ ترکیہ جدید دفاعی صنعت اور جنگی تجربہ فراہم کرے گا، ترکیہ پاکستان اور سعودی عرب کو پانچویں جنریشن کے کان فائٹر پروگرام میں شامل کرنے کا بھی خواہشمند ہے۔