پانی اور سیوریج کے ہوشربا بلوں پر صارفین کا احتجاج
وزیر آ باد کیلئے علیحدہ میکنزم نہیں ،تجاویز حکام تک پہنچائیں گے :ایم ڈی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )واسا کی جانب سے واٹر سپلائی اور سیوریج کے ہوشربا بلوں کی وصولی کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید رد عمل اور سوشل میڈیا صارفین کی مہم کے بعد رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ متحرک ہوگئے ، صارفین ، ایم ڈی واسا ، مقامی سیاسی قیادت و میڈیا نمائندگان کے ساتھ تجاویز و آرا کا تبادلہ کیلئے نشست کا انعقاد کر ا یا۔نائب صدر پنجاب مسلم لیگ (ن)مستنصر علی گوندل ، صحافیوں افتخار احمد بٹ، میاں شہباز احمد،سیف اللہ بٹ، ضمیر کاظمی، صوفی اشرف نثار،کاشف محمود خان،ڈاکٹر رضا سلطان،جبران بٹ،سید عقیدت محسن نقوی،خواجہ شعیب،عظیم نصر اللہ چیمہ و دیگر نے جنوری تا اپریل دورانیہ کیلئے بلوں کو شہریوں کا استحصال قرار دیا اور واسا کے عمل کو ناجائز و عوام مخالف قرار دیا ۔ ایم ڈی واسا علی حسنین مغل اور ڈپٹی ایم ڈی عثمان گھمن کا کہنا تھا کہ بلوں کی بابت وزیرآباد کیلئے علیحدہ میکنزم نہیں بلکہ واسا پنجاب کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بل بھیجے گئے ہیں ، شہریوں کی آرا و تجاویز کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے ۔