42نائب کورٹس کی 2سالہ سروس ضبط کرنے کا حکم

42نائب کورٹس کی 2سالہ سروس ضبط کرنے کا حکم

ناقص کارکردگی پر سی پی او کا اقدام ، تبدیل کر کے تھانوں ،دیگر دفاتر میں تعینات

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ نے ضلع بھر کی عدالتوں میں تعینات 42 نائب کورٹس کی 2 سال کی سروس ضبط کرنے کا حکم دیدیا ، طویل عرصہ سے تعینات نائب کورٹس کو تبدیل کر کے تھانوں سمیت دیگر دفاتر میں تعینات کر دیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق سی پی او ڈاکٹر سردار غیاٹ گل خان کی جانب سے نائب کورٹس کی2سال کی سروس ضبط کرنے کے احکامات میں کہا گیا کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں استغاثہ کے گواہان حاضر ہوئے تاہم نائب کورٹس عدالتوں میں گواہان کی حاضری یقینی بنانے میں ناکام رہے جس کے باعث مقدمات کی کارروائی التوا کا شکار ہوئی ۔ حکم نامہ کے مطابق عدالتی احکامات کی بروقت تعمیل اور متعلقہ حکام تک عدالتی احکامات پہنچانے میں غفلت برتی گئی جس کے باعث عدالتی احکامات پر عمل درآمد ممکن نہ ہو سکا یا اس میں تاخیر ہوئی۔ ضابطہ فوجداری کی دفعات 22-A/22-B کے تحت درخواستوں کی بروقت تکمیل نہیں کر ائی گئی ،افسران کو رٹ پٹیشنز کی دائری اور حکم نامہ کی تاریخ سے بھی آ گاہ نہیں کیا گیا اور عدالتی احکامات کی روانگی میں بھی کوتاہی برتی گئی ۔ سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان نے پنجاب پولیس (ای اینڈ ڈی)رولز 1975 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لیول 3 کی سزا کے طور پر گوجرانوالہ ، وزیر آباد ، کامونکے اور نوشہرہ ورکاں کی سیشن اور جوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں میں تعینات 42 نائب کورٹس کی2سال کی منظور شدہ سروس ضبط کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ طویل عرصہ سے عدالتوں میں تعینات نائب کورٹس کو تبدیل کر کے پولیس افسر وں کے دفاتر اور تھانوں میں تعینات کر دیا گیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں