ستھرا پنجاب کے ڈرائیور کو قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی
نہر سے لاش برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی، ملزمان کا تاحال سراغ نہ لگایا جا سکا
حافظ آباد (نمائندہ دنیا)حافظ آباد میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی۔ پولیس نے پنج پُلا کے قریب نہر سے لاش برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی، جبکہ ملزمان کا تاحال سراغ نہ لگایا جا سکا۔ مقتول کے ورثاء اور ستھرا پنجاب کے ورکرز نے احتجاجاً سرگودھا روڈ پر ٹریفک جام کیے رکھا، بعد ازاں ڈی ایس پی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کا ڈرائیور زاہد اقبال 4 نومبر کو گھر سے ڈیوٹی دینے کے لیے گیا لیکن واپس نہ آیا، جس پر زاہد اقبال کے بیٹے نے تھانہ سٹی پولیس میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے شبہ ظاہر کیا تھا کہ اس کے والد کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا ہے ۔گزشتہ روز حافظ آباد کے علاقہ پنج پُلا کے قریب نہر سے زاہد اقبال کی تشدد زدہ لاش پائی گئی۔ پولیس نے لاش کو برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔دوسری جانب ورثاء اور ستھراپنجاب کے ورکرز نے سرگودھا روڈ پرڈرائیور کے ظالمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو بھی بلاک کیا۔ جس پر ڈی ایس پی نواز ورک نے موقع پر پولیس کے ہمراہ مظاہرین کو ملزمان کی گرفتاری کے یقین دہانی کروائی تو وہ پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments