ملکوال:جہلم پل منصوبے پر عدم پیشرفت ،شہری مایوس

ملکوال:جہلم پل منصوبے پر عدم پیشرفت ،شہری مایوس

2صدور ،2وزرائے اعظم ، وزیر اعلیٰ کی جانب سے افتتاح کے با وجود کام شروع نہ ہوسکا

ملکوال(نمائندہ دنیا )موجودہ حکومت کے تقریباً 2سال باقی رہ گئے ، ملکوال کے قریب دریائے جہلم پر پل کے منصوبہ پر کوئی پیشرفت نہ ہونے کے باعث تاجر اور شہری مایوسی کا شکار ہو گئے ۔ ملکوال اور پنڈدادنخان تحصیلوں کے درمیان دریائے جہلم کی وجہ سے زمینی رابطہ نہ ہونے کے باعث ملکوال، پنڈدادنخان اور بھیرہ تحصیلوں کی لاکھوں عوام کو طویل فاصلہ طے کرکے دوسرے علاقوں میں جانا پڑتا ہے ، ہر الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے امیدوار پل کی تعمیر کا وعدہ کرکے لوگوں سے ووٹ لے کر کامیاب ہوتے رہے لیکن منصوبہ شروع نہیں ہو سکا۔ قبل ازیں ملکوال اور پنڈدادنخان کے درمیان 1998 تک ٹرینوں کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں کافی آسانی تھی ،نوازا شریف کے دوسرے دور میں ملکوال سے کھیوڑہ اور غریبوال کی ٹرینیں بند کر دی گئیں تاہم پنڈدادنخان کیلئے ٹرین چلتی رہی لیکن اب پنڈدادنخان کیلئے بھی ٹرین سروس بند کر دی گئی ، ملکوال سے پنڈدادنخان جانے کیلئے 80سے 100کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا پڑ رہا ہے تاہم دریائے جہلم پر پل بنا دیا جائے تو فاصلہ 10سے 12کلومیٹر رہ جاتا ہے ۔ یاد رہے کہ چک نظام کے مقام پر پل کے منصوبے کا افتتاح سابق صدر جنرل پرویز مشرف، صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کر چکے ہیں تعمیر کا کام آج تک شروع نہیں ہو سکا۔ موجودہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی عبور کرتے گاڑی دریا میں ڈوبنے سے 6افراد کی ہلاکت کے بعد نوٹس لیتے ہوئے پل کیلئے کام کی ہدایت کی لیکن بعد ازاں منصوبہ سرخ فیتے کی نذرہو گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ چک نظام کے حلقہ انتخاب سے مسلم لیگ ن کے منتخب ممبر پنجاب اسمبلی ملک صہیب احمد بھرتھ اس وقت وزیر مواصلات ہیں لیکن پل کی تعمیر کیلئے پیش رفت نہیں ہو رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...