ڈاکٹر فوزیہ ’’ٹارچ گلوبل وزٹنگ فیلوشپ‘‘ کیلئے منتخب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) قائداعظم یونیورسٹی شعبہ تاریخ کی اسسٹنٹ پرو فیسر ڈاکٹر فوزیہ فاروق کو آکسفورڈ یونیورسٹی نے ’’ٹارچ گلوبل وزٹنگ فیلو شپ 2024‘‘ کیلئے منتخب کر لیا ہے۔۔۔
وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون فیکلٹی ممبر ہیں، انہوں نے آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک سٹڈیز میں ’جنوبی ایشیا میں اسلام‘ پر فیلوشپ 2025-26بھی حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ کو 2024کیلئے آل سولز کالج میں TORCHگلوبل وزٹنگ پروفیسر شپ سے نوازا گیا۔ اس فیلو شپ کیلئے سخت انتخابی عمل کے بعد ہر سال گلوبل ساؤتھ سے صرف ایک سکالر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے بتایا کہ یہ ان کیلئے انتہائی مسرت کا لمحہ ہے، یہ انفرادی اعزاز نہیں ہے بلکہ قائد اعظم یونیورسٹی اور پاکستان کا اعزاز ہے۔ ان کی تمام کامیابیوں کے پیچھے ان کی محنت اور والدین کی دعائیں شامل ہیں، یہ دونوں فیلو شپ صرف انفرادی نہیں بلکہ قائداعظم یونیورسٹی اور ملک کیلئے اعزاز ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے بتایا کہ وہ ہائبرڈ سیمینار کے ذریعے قائداعظم یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبا کو آکسفورڈ میں تعلیمی مواقع سے متعارف کرانے کیلئے اورینٹیشن سیشنز کا انعقاد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ان کی کامیابی قائداعظم یونیورسٹی کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے مستقبل میں دیگر تعلیمی اداروں سے شراکت داری اور ایجو کیشن ایکسی لینس کے نئے دروازے کھلیں گے۔