چیکنگ:پندرہ روز میں 397ان فٹ گاڑیاں تھانہ بند
راولپنڈی( خبر نگار) راولپنڈی پولیس نے پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کے دوران گزشتہ 15 روز میں مجموعی طور پر 397 ان فٹ گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دیں۔
کارروائی کے دوران 3143 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کئے گئے، قانون کی خلاف ورزی پر 33 لاکھ 82 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ اسی طرح بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 239ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، غفلت کے مرتکب 24 ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 30 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈا منیجروں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔