کمشنر کی زیر صدارت روڈ سیکٹر سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہاڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں روڈ سیکٹر کی جاری سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ایس ای ہائی ویز امانت علی ، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل شاہد عمران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو ایس ای ہائی ویز نے بریفنگ میں بتایاگیاکہ ڈویژن بھر میں 79 ارب 34 کروڑ تخمینہ کی 130 سکیموں پر کام جاری ہے ۔ جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی جاری 68 او رنئی 2 سکیموں کے علاوہ تعمیر ومرمت کی 9 ،سڑکوں کی بحالی کی 23 ، وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کی 23 ، پی ایس ڈی پی کی 3 اور سپلیمنٹری گرانٹ کی 2 سکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کی تمام سکیموں کا فردا فردا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ ان سکیموں کیلئے رواں سال کیلئے مختص فنڈز کانصف استعمال کیاجاچکاہے ۔کمشنر نے ہائی ویز افسران کو تمام سکیموں کو پائیدار بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ افسر اپنا زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں اور اپنی نگرانی میں تعمیراتی کام کروائیں۔ وہیں پر اپنے کیمپ دفاتر بنائے جائیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی سکیموں کے معیار کو چیک کرنے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ایس ای ہائی ویز کو سرگودہا سٹی کی پیچ ورک کی حامل سڑکوں کی ترجیحات کاتعین کر کے کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنرجہانزیب اعوان نے افسران پر زور دیاکہ وہ جاری سکیموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرائیں تاکہ عوام بہتر سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ تعمیراتی کاموں میں سست روی اور ناقص میٹریل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔