تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے اقدامات ناگزیر،سرفراز احمد
ملتان(خصوصی رپورٹر) سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب سرفراز احمد کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سیکرٹریٹ ملتان میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹریٹ سٹاف، ڈی پی آئی جنوبی پنجاب، ڈائریکٹر کالجز بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، اور تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز نے شرکت کی۔اجلاس میں نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹرز کا تعارف کرایا گیا اور کالجز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے تدریسی معیار، انتظامی کارکردگی، اور کالجز کے دیگر امور پر بریفنگ دی۔ سپیشل سیکرٹری نے کالجز کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام افسر بھرپور کوشش کریں۔سپیشل سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ تعلیمی نظام میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں کالجز کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کریں اور طلباء کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔اجلاس کے دوران شرکاء نے کالجز کے انتظامی معاملات میں درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سپیشل سیکرٹری نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔