اتاترک ایوینو تاایوب چوک صفائی آگاہی واک، پمفلٹس تقسیم
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اشتراک سے اتاترک ایوینو سے ایوب چوک تک صفائی آگاہی واک منعقد کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔۔
جن پر صفائی اور ماحولیات کے تحفظ کے پیغامات درج تھے۔ شہریوں کی آگاہی کیلئے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ واک کے اختتام پر ویسٹ پکنگ ایکٹویٹی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے سڑکوں کے اطراف اور پارکوں سے کچرا صاف کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس اسلام آباد سرفراز ورک نے کہا ماحول کی حفاظت اور اس کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، شہری دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مرمت کروائیں، پارک اور سڑکوں پر واک کرنے والے ان جگہوں پر کچرا نہ پھینکیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ اورشہر کی صفائی ستھرائی کا بھی خیال رکھیں۔ چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن بختاوری نے کہا تمام شہری اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ کھلے عام سڑکوں اور پارکوں میں پھینکنے سے گریز کریں۔ شرکاء میں ائیر ہونیورسٹی کے طلباء وطالبات ، سول سوسائٹی، بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات اسد عزیز، شہزاد شبیر عباسی، وحید چیمہ، سیف الرحمن، امیر حمزہ، مقصود تابش، فصیح اللہ خان شامل تھے۔