ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی سکیموں کی اسسمنٹ رپورٹ جمع کرائیں:کمشنر راولپنڈی:سڑک کھدائی کیلئے این او سی لازمی

ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی سکیموں  کی  اسسمنٹ رپورٹ جمع کرائیں:کمشنر راولپنڈی:سڑک کھدائی کیلئے این او سی لازمی

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)کمشنرراولپنڈی ڈویژن انجینئرعامرخٹک نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کی فوری اسسمنٹ کر کے تفصیلی رپورٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو جمع کروائیں۔۔۔

 تاخیر کے شکار عوامی فلاحی منصوبوں سے متعلق ڈپٹی کمشنرز مداخلت کر کے ان کی فوری تکمیل یقینی بنائیں، زیرالتوا سکیموں کیلئے متعلقہ فورم کو فوری لیٹر لکھا جائے ۔ انجینئر عامر خٹک نے عوام کی شکایت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا عوام الناس کی طرف سے مکمل و فعال سڑک کھود کر چھوڑ جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ کوئی محکمہ ڈپٹی کمشنر سے این او سی لئے بغیر سڑک کی کھدائی نہیں کرے گا۔ کوئی بھی میونسپل سروس لینے کیلئے سڑک کی کھدائی ناگزیر ہو تو ڈپٹی کمشنر کا این او سی اور جس محکمہ کی سڑک ہے اس کی دوبارہ تعمیر و مرمت کیلئے رقم جمع کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دوران کیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا راولپنڈی کے میگا پراجیکٹس راولپنڈی رنگ روڈ، ددوچھہ ڈیم، لئی، کچہری چوک، آزاد پتن روڈ اور ڈریم پراجیکٹ میں پیشرفت کے جائزہ کیلئے ہر دوسرے دن جائزہ اجلاس کیا جائے ۔ غیر جانبدار ذرائع سے منصوبوں کا آڈٹ کرانے کے ساتھ \\\'\\\'ٹیسٹ کٹ\\\'\\\' لگائے جائیں۔غیر معیاری کام ثابت ہونے پر تعمیراتی کمپنی آئندہ سرکاری منصوبوں کیلئے بلیک لسٹ کی جائے گی۔ افسران پراجیکٹس میں مٹیریل پر سمجھوتہ نہ کریں،کام میں سنجیدگی نہ دکھانے والے ٹھیکیداروں کو3وارننگ کے بعد فارغ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ سکیموں میں پی ایچ اے کے مختص فنڈز فوری ریلیز کئے جائیں تاکہ شہر میں بیوٹیفکیشن کا کام اور گرین بیلٹس کی بحالی ساتھ ساتھ شروع ہو۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں