اے این ایف:دو کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد، 7ملزم گرفتار
راولپنڈی (آئی این پی) اے این ایف نے ملک گیر چھ کارروائیوں میں 7ملزمان گرفتار کرکے 2کروڑ 44لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان کے مطابق 101.120کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔
سرینگر ہائی وے پر اسلام آباد تبلیغی مرکز کے بالمقابل گاڑی سے 24کلو چرس برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 2.060کلو گرام آئس، جی ٹی روڈ اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 24کلو چرس، کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ کے مسافر کے بیگ سے 1.060کلو گرام ہیروئن ، بلوچستان ضلع حب سے 25کلو افیون اور 7کلو ہیروئن، رِنگ روڈ پشاور پر گاڑی میں چھپائی گئی 18کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے مقدمات درج کر لیے گئے۔