راولپنڈی:25یوسیز میں خصوصی پولیو مہم شروع کرنیکا فیصلہ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے پیش نظر، پنجاب ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ضلع کی 25یونین کونسلز میں خصوصی پولیو ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے بتایا کہ یہ تین روزہ مہم پیر 14جولائی سے شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 1,24,000سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ متاثرہ یونین کونسلز جزوی یا مکمل طور پر ان ماحولیاتی مقامات میں شامل ہیں جہاں سے نمونے لیے جاتے ہیں، یہ علاقے راولپنڈی سٹی اور ٹیکسلا تحصیلوں میں واقع ہیں جہاں خیبرپختونخوا اور افغانستان سے آنے والی پولیو سے متاثرہ آبادی کی آمدورفت رہتی ہے۔ ڈاکٹر احسان غنی کا کہنا تھا کہ پولیو سے نمٹنے کیلئے مہم کا مقصد ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا ہے تاکہ بچوں کی قوت مدافعت مضبوط ہو سکے۔