چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس ، تعمیراتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں شاہین چوک، کشمیر چوک، فیض آباد انٹرچینج، پاک سیکرٹریٹ کی اپ لفٹنگ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی بہتری، اسلام آباد ماڈل جیل کا قیام، پولیس سٹیشنز کی اپ لفٹنگ، بلیو ایریا میں فوڈ سٹریٹ کا قیام، پارکنگ پلازہ کی تعمیر، سی ڈی اے میں کیش لیس نظام، سفاری پارک، تھیم پارک، کیبل کار، فیری ویلز، 25 فٹبال اور 25 کرکٹ گراؤنڈز کی بحالی نیز ڈانسنگ فاؤنٹین کی تنصیب جیسے منصوبوں کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کی تمام مرکزی شاہراہوں پر جدید اور خوبصورت لائٹس نصب کی جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ کے تعمیراتی کاموں کے علاوہ لفٹس کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے ۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ پارکنگ پلازہ کے الیکٹریکل اور مکینیکل ورک، فائر ایکسٹنگوئشرز اور دیگر باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ دریں اثنا محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں سیکٹر ڈویلپمنٹ خصوصاً سیکٹر ای بارہ، سیکٹر سی چودہ، سی پندرہ، سی سولہ، سیکٹر آئی بارہ، آئی پندرہ، پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اسکے علاوہ غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرا ت کا خاتمہ کیا جائے ۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بلڈنگ اور دیگرمٹیریل فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان اور این او سی کا جائزہ لینے اور لے آؤٹ پلان/ این او سی کی منظوری سے زیادہ فائلیں بیچنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین نے کہا سی ڈی اے کا اولین مقصد اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہے جسکے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔