پی ٹی اے چھاپہ، 15ہزار سے زائد سمز برآمد، 4افراد گرفتار
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملتان، کوٹ مومن اور حاصل پور میں غیر قانونی سم کے حوالے سے مشترکہ چھاپے مارے ہیں۔
ملتان میں تمام موبائل فون آپریٹرز کی بڑی تعداد میں فعال سموں کے ساتھ ایک غیر قانونی سیٹ اپ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، ملزم فرار ہو گیا تاہم کوٹ مومن میں موبائل فون کمپنی کی فرنچائز کے مالک اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ حاصل پور میں ایک شخص غیر قانونی سموں کے اجراء کیلئے فنگر پرنٹس فراہم اور فعال سمیں جمع کر رہا تھا جسے گرفتار کر لیا گیا، ملزم وہاڑی، حاصل پور اور ملتان اور لاہور میں سابق فرنچائز کا مالک تھا۔ چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 15ہزار 996سمیں، 18بائیو میٹرک ویریفیکیشن ڈیوائسز، ایک 128پورٹ گیٹ وے، چھ 64 پورٹ گیٹ ویز اور چار 32 پورٹ گیٹ ویز برآمد کیے گئے ۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کر لیا گیا۔