کھلی کچہری کا مقصد خواتین کو انصاف کی فراہمی، فوزیہ وقار
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے کہاہے کہ انصاف صرف عدالتوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے ۔
کھلی کچہری کا مقصد خواتین کو انصاف کی فراہمی ہے ، بہت سی خواتین کے لیے کھلی کچہری ہی وہ واحد موقع ہوتی ہے جہاں وہ اپنے حق کی بات کر سکتی ہیں۔بدھ کو خواتین کو ان کی جائیداد کے حقوق دلانے کے لیے انہوں نے یونین کونسل سہالہ، اسلام آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ انہوں نے خواتین کی جائیداد سے متعلق شکایات براہ راست سنیں۔ مہرین بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایسٹ) بھی موجود تھیں۔ بی بی عصمہ جو کبیر والا کی رہائشی ہیں نے بتایا کہ ان کے سسرالیوں نے ان کی وراثتی زمین پر قبضہ کر لیا ہے ، محرانہ بی بی نے بتایا کہ ان کے دیور نے ان کا مکان اور اصل کاغذات چھین لیے ہیں ۔فوسپا کی قانونی ٹیم نے موقع پر ہی خواتین کو رہنمائی فراہم کی اور انہیں قانونی راستوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ فوزیہ وقار نے یونین کونسل کے ہنر سکھانے والے مرکز کا بھی دورہ کیا۔