چیئر مین ایچ ای سی کی تعیناتی جلد ہو گی ، وفاقی وزیر تعلیم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ چیئرمین ہا ئیر ایجو کیشن کمیشن کی تعیناتی بہت جلد اور میرٹ پر ہو گی، حکومت مکمل شفاف طریقے سے خود مختار چیئرمین لگائے گی، آج سرچ کمیٹی کا اجلاس ہے اور آج اشتہار کے بارے میں فیصلہ ہو جائے گا۔
موجودہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کی توسیع کا کو ئی ا مکان ہے نہ ہی قانون میں کوئی گنجائش ۔ میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سرچ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں اسامی مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے ایکٹ کے مطابق کمیشن کے رکن ہی کو قائم مقام چیئرمین بنایا جائے گا۔ ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ عدالت سے حکم امتناع کے باوجود ای ڈی ایچ ای سی کو چارج نہیں لینے دیا گیا جس پر وزیر تعلیم نے جواب دیا کہ حیرت ہوئی کہ ای ڈی ایچ ای سی عدالت سے حکم امتناع لائے مگر جوائننگ نہیں ہوئی، ویسے تو پورا ملک ہی سٹے پر چل رہا ہے ۔